پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری ملاقات کیلئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی، جبکہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے اور حکومتی اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئےمختلف آپشن پرغور کیا ، علاوہ ازیں تحریک کی کامیابی کیلئے نمبر گیم کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےآئندہ 2 روز میں تحریک عدم اعتماد کیلئے حتمی لائحہ عمل طے کرنے کا اعلان کیا ہے، اور اپوزیشن کی جانب سے نمبر گیم بھی پوری کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔