مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے تحریک عدم اعتماد کے متعلق حتمی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آج مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی ٹیلی فون لائن پر موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم، مناسب وقت سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے اختتام پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے بھی آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فون پر مشاورت کی، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر حتمی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے جاری کئے گئے ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے، عدم اعتماد سے متعلق قانونی ماہرین کی رائے بھی آچکی ہے اور عدم اعتماد کا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے، جس پر ملاقات میں مشاورت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق عدم اعتماد کی حتمی تاریخ کا تعین جو آج ہونا تھا شہباز شریف کی علالت کے باعث اب آئندہ ایک دو روز میں ہوگا۔