روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں سویلین آبادی کو انخلاء کیلئے محفوظ رستہ فراہم کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات میں شامل یوکرین کے مذاکرات کار نے میڈیا نمائندوں کو بتایا ہے کہ یوکرین کے جنگ زدہ علاقوں سے عام شہریوں کو انخلا کیلئے محفوظ رستہ فراہم پر دونوں ممالک کا اتفاق ہو گیا ہے۔ یوکرین کے مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ سیز فائر کیلئے کی گئی بات چیت کے وہ نتائج برآمد نہیں ہو سکے، جس کی توقع کی جا رہی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر کے مشیر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے شہریوں کے انخلاء کیلئے ممکنہ طور پرعارضی جنگ بندی تصور کرلی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک جنگ زدہ علاقوں میں خوراک اور ادویات کی ترسیل کیلئے بھی اتفاق رائے کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزروسی وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یوکرین کی حکومت کیساتھ مذاکرات جاری رہیں گے، لیکن اس کیساتھ یوکرین کی فوجی طاقت کو ہر قیمت پر تباہ کیا جائے گا۔