فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کے علاوہ ٹی ایل پی کے تمام مطالبات پر اتفاق رائے ہے، شیخ رشید

26  اکتوبر‬‮  2021

کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر اتفاق رائے ہے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے کالعدم ٹی ایل پی کے رہنماؤں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں۔

اسلام آباد – (اے پی پی): 26 اکتوبر 2021ء کو وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، اس اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ طے شدہ تمام معاملات پر قائم ہیں، فرانسیسی سفیر کے انخلاء کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر بات چیت ہو سکتی ہے، ٹی ایل پی کو وعدے کے مطابق منگل کی رات 12 بجے تک سڑک کے دونوں اطراف کھول دینے چاہئیں، ٹی ایل پی کے ساتھ منگل کی شب 8 بجے اور بدھ کی صبح 10 بجے پھر رابطہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ٹی ایل پی سے مذاکرات جاری رکھیں گے۔

فرانس کے سفیر کو نکالنے سے مشکلات پیدا ہوں گی

شیخ رشید کا کہنا تھا  کہ پاکستان کے خلاف پابندیاں لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں، فرانسیسی سفارتخانہ کی بندش اور فرانسیسی سفیر کو نکالنے سے پاکستان کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، فرانس یورپ کو لیڈ کرتا ہے اور سارے یورپی ممالک فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں، ملکی مفاد میں کالعدم ٹی ایل پی فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے فیصلے پر نظرثانی کرے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے ٹی ایل پی رہنماؤں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں۔

ٹی ایل پی کے دھرنے کے وقت عمران خان سرکاری طور پر عید میلادالنبی ﷺ منا رہے تھے

وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کا یہ مجموعی طور پر چھٹا دھرنا ہے، ٹی ایل پی نے 19 اکتوبر 2021ء کو یوم ولادت رسول ﷺ پر دھرنا دیا، اس دن وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومتی سطح پر یوم ولادت رسول ﷺ کا جشن بھرپور انداز میں منایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ اور ختم نبوت پر یقین کے بغیر ہم مسلمان نہیں ہو سکتے، ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے، میں نے ناموس رسالت پر پارلیمنٹ ہائوس میں سب سے پہلے آواز اٹھائی، ناموس رسالت پر میں نے سب سے زیادہ جیلیں کاٹیں۔

ٹی ایل پی کے گرفتار افراد کی رہائی کیلئے بات کرنے کو تیار ہیں

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا  کہ پاکستان کی اساس لا الہ الا اﷲ پر ہے، ہم ملک میں ہر صورت امن برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ٹی ایل پی کے جتنے لوگ پکڑے گئے ہیں اور فورتھ شیڈول میں ہیں، اس معاملہ پر بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ایک مطالبہ پر 2 نومبر کی تاریخ طے کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملہ کو مستقل طور پر حل کریں، ایسا نہ ہو کہ یہ 2 نومبر کو ایک معاملہ پر پھر احتجاج کریں۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، افواہیں دم توڑ گئیں

 پریس کانفرنس سے قبل وزیر داخلہ  نےبنی گالا میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی جس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک تھے، اجلاس کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، وزیر داخلہ کا اس کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ   لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی ہیں جبکہ 20 نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس عہدے کا چارج سنبھالیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تمام افواہیں دم توڑ گئیں، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved