کالعدم ٹی ایل پی دھرنا، کشیدگی بڑھ گئی، پنجاب میں 2 ماہ کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ

27  اکتوبر‬‮  2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل 147 کے تحت پنجاب بھر میں رینجرز طلب کی گئی ہے، پنجاب حکومت کو اختیارات بھی دئیے جارہے ہیں کہ وہ جہاں چاہے رینجرز کو استعمال کریں۔

وفاقی وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو سیکشن 5 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت 60 دن کیلئے اختیار دے رہا ہوں، وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے سمری بھیج دی ہے، نوٹیفکیشن جاری کر رہا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات کئے اور آج بھی 11 بجے رابطہ ہوا، چھٹی مرتبہ وہ اس دھرنے کی طرف آرہے ہیں، ٹی ایل پی نے بنیادی طور پر جلوس عید میلادالنبیﷺ کانکالا تھا اورپھر بعد میں  اس کو دھرنے میں تبدیل کردیا، اس کے باوجود بھی میں سیاسی ورکر ہوں اور چاہتا ہوں کہ سب مسائل کا حل امن و امان سے ہونا چاہیے۔ مزید کہا کہ میں مجبوری کی حالت میں کہہ رہا ہوں کہ یہ اب عسکریت پسند ہوچکے ہیں۔

غیرملکی طاقتیں پاکستان پر پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہیں

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا  کہ پاکستان پر بہت بڑےدباؤ ہیں، غیرملکی طاقتیں ہم پر پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہیں اور وہ  غیرملکی طاقتیں ہمارے جوہری اثاثوں  اور معیشت پر نظریں جمائی بیٹھی ہیں۔

فرانس کا سفیر پاکستان میں ہے ہی نہیں، ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے

وفاقی وزیر داخلہ کا ٹی ایل پی قیادت کی جانب سے فرانس کے سفیر کی بے دخلی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ فرانس کا سفیر پاکستان میں موجود ہی نہیں، ٹی ایل پی کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

ٹی ایل پی پر عالمی پابندی بھی لگ سکتی ہے

شیخ رشید نے ٹی ایل پی قیادت کے نام پیغام میں کہا کہ اب بھی کہہ رہا ہوں کہ واپس چلے جائیں ٹی ایل پی پاکستان میں کالعدم ہے، خدشہ ہے کہ کہیں اس پر عالمی پابندیاں نہ لگ جائیں۔

سادھوکی میں پولیس کے 3 اہلکار شہید، 70 زخمی ہوئے

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سادھو کی میں پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے جن پرتحریک لبیک والوں نے کلاشنکوفوں سے فائرنگ کی،  پرتشدد واقعات میں 70 پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم نے جو ٹی ایل پی سے معاہدہ کیا ہے اس پرقائم ہیں، اصل مسئلہ یہ نہیں کچھ اورہے، حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی ہوتی ہے، انسانی جانوں کے ضائع ہونے پرحکومت کوخوشی نہیں ہوتی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved