پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، تبھی تو تحریک عدم اعتماد کیلئے میدان میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد 8 یا 9 مارچ کو لائی جائے گی، ریاست کو بچانے کیلئے اب وزیراعظم کو جانا ہو گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ایمپائر نیوٹرل رہے، ہم اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لائیں گے، ہماری ہر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کو استعفیٰ کیلئے 5 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مستعفی نہ ہوئے تو اسلام آباد آ کر ہم خود آپ کا بندوبست کریں گے، اور تحریک عدم اعتماد سے آپ کو گھر بھیجیں گے۔