چین کی یوکرین میں جوہری تنصیبات کے تحفظ اور تنازع کے حل کیلئے مذاکرات پر زور

6  مارچ‬‮  2022

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ جون نے یوکرین میں جوہری تنصیبات کے تحفظ اور تنازع کے حل کیلئے مذاکرات پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ – (این این آئی): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یوکرین میں جوہری تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس ہفتے کے روز منعقد ہوا۔ جس میں اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ جون نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین یوکرین صورت حال کی تازہ ترین پیش رفت پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے اور زاپوروزئے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ چین امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق احتیاط سے کام لیں گے اور مشترکہ طور پر آئی اے ای اے سیکرٹریٹ کی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مدد سے یوکرین میں متعلقہ جوہری تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

چینی مندوب نے نشاندہی کی کہ اس وقت سب سے اہم چیز کشیدگی میں کمی، مزید شہری ہلاکتوں کی روک تھام اور جلد از جلد سیاسی تصفیے کی راہ پر واپس آنے کے لیے سفارتی کوششوں کو بڑھانا ہے۔ روس اور یوکرین نے براہ راست بات چیت اور مذاکرات کے دو دور منعقد کئے ہیں، اور انسانی ہمدردی کی راہداری کے قیام پر ابتدائی اتفاق رائے پر پہنچ  چکے ہیں۔ چین اس کا خیر مقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس سے شہریوں کے بہتر تحفظ اور چینی شہریوں سمیت غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلا میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین، روس اور یوکرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ سیاسی تصفیے کی عمومی سمت پر قائم رہیں اور بات چیت کے ذریعے ایک ایسے حل تک پہنچیں جو دونوں فریقوں کے جائز خدشات کو دور کرے اور یورپ میں طویل مدتی استحکام کے لیے سازگار ہو۔ چانگ جون نے اس بات پر زور دیا کہ چین سیاسی تصفیہ کو فروغ دینے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس سلسلے میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved