اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نےکہا ہے کہ اب حکومت کو بڑے فیصلے کرنے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق آج پنجاب کے صوبائی وزراء راجہ بشارت اور میاں محمودالرشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو سیاسی حالات ہیں، ان کا تقاضہ ہے کہ حکومت آگے بڑھ کر پہلے فیصلہ کرے، کیونکہ حالات تیزی سے حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، جو پہلے فیصلہ لیتا ہے سیاست میں اس کوبرتری حاصل ہوجاتی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ صورت حال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، اس صورتحال پر مشورہ بھی ہورہا ہے اور رابطے بھی ہورہے ہیں، لیکن یہ حکومت کے بڑے فیصلے کا وقت ہے۔
یاد رہے کہ آج علیم خان گروپ نے بھی جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اور وہ اس سلسلے میں جہانگیر ترین گروپ کیساتھ میٹنگ کیلئے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کیلئے آج حتمی مشاورت شروع کر دی ہے۔