کالعدم ٹی ایل پی کا دھرنا، وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

28  اکتوبر‬‮  2021

وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک لبیک کے دھرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس اجلاس کے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔

یاد رہے کہ کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے حکومت نے ان کے اسلام آباد کی طرف مارچ کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا تھا، بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ایل پی ہمارے صبر کا امتحان نہ لے، کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ ریاست کو چیلنج کرے۔

اس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پنجاب میں 60 روز کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے ٹی ایل پی قیادت کے نام پیغام میں کہا کہ اب بھی کہہ رہا ہوں کہ واپس چلے جائیں ٹی ایل پی پاکستان میں کالعدم ہے، خدشہ ہے کہ کہیں اس پر عالمی پابندیاں نہ لگ جائیں۔

اب سے کچھ دیر قبل وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے ٹی ایل پی قیادت کے ساتھ اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکرات ابھی جاری ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved