تحریک عدم اعتماد پر وزیراعظم عمران خان کا تازہ ترین ردعمل سامنے آ گیا

8  مارچ‬‮  2022

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر وزیراعظم عمران خان کا موقف سامنے آ گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آج ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی آخری واردات ہو گی، ہم انہیں ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028ء تک اٹھ نہیں پائیں گے۔

فوج کبھی چوروں کا ساتھ نہیں دے گی

وزیراعظم نے کہا کہ فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے گی، اپوزیشن کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے، اس لئے اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔

تحریک عدم اعتماد کے پس پردہ بیرونی ہاتھ ہے

تحریک عدم اعتماد کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پیچھے ایک نہیں کئی بیرونی ہاتھ ہیں، ارکان کو 18، 18 کروڑ کی آفرز کی جارہی ہیں، ہر جگہ پیسہ چلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف ہماری حکمت عملی تیار ہے، کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا، نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے گا تو فیصلہ کریں گے۔

جہانگیر ترین کو جانتا ہوں، وہ کبھی ان کے ساتھ نہیں ملیں گے

جہانگیر ترین گروپ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں جہانگیر ترین کو جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے۔

عدم اعتماد ناکام ہوئی تو امریکہ آئی ایم ایف کے ذریعے دباؤ ڈالے گا

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت مائنڈ گیم چل رہی ہے، اور میں مائنڈ گیم کھیلنے کا ماسٹر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی تو پھر ممکن ہے کہ امریکہ آئی ایم ایف کے ذریعے ہم پر دباؤ ڈالے، جب آئی ایم ایف کا دباؤ آئے گا تو وقت آنے پر دیکھیں گے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرادی ہے، علاوہ ازیں اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن بھی جمع کرا دی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved