وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے پتے کھیل لیے اب ہماری باری ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد اور اپوزیشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کی سازش کو بے نقاب نہ کیا تو یہ عوام سے زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسا منشور لے کر آئی جو کسی کے پاس نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت ملکی معیشت تباہ کر کے گئی،احتساب ہمارے منشور کا حصہ تھا جس پر ہم گامزن ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جس دن میں نے ان پر ہاتھ ڈالا اس دن تمام چور اکٹھے ہو جائیں گے۔
عمران خان نے مغربی تہذیب کو یہاں پھیلایا ہے اور کہا گیا کہ عمران خان مغربی ایجنڈے کو لے کر چلتا ہے مگر اس کے ساتھ ہی کہا گیا کہ عمران خان نے مغربی ممالک کو ناراض کیا۔
شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ برطانیہ کا وزیراعظم پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے کا خواہاں ہے،انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے وزیراعظم کہتے ہیں کہ کسی کو فالو کرنا ہے تو عمران خان کو کریں، ان کا کہنا تھا کہ ان چوروں کو پاکستان ، ملکی معیشت اورغریب کی نہیں، صرف اپنے کیسز کی فکر ہے۔