کالعدم ٹی ایل پی کیلئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے والوں کے خلاف کاروائی، 12 گرفتار

28  اکتوبر‬‮  2021

 ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے،ایف آئی اے کے مطابق لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں آپریشن کیا گیا اور مختلف شہروں سے 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے تھے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گرفتارملزمان میں نعیم، ایوب، محمد حسین، محمد حسن، غلام شبیر، شاہ زیب نذیر، حمزہ شیخ، غلام شبیر سمیت دیگر شامل ہیں۔ گرفتار افراد سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اور جعلی تصاویر اپ لوڈ کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ کالعدم تنظیم کا احتجاج ساتویں روز میں داخل ہو گیا اور مظاہرین کی بڑی تعداد کامونکی میں موجود  ہے۔ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے ساتویں روز مظاہر ین کے مارچ کو آگے بڑھانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ کامونکی میں متعدد کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ تعلیمی ادارے نہیں کھل سکے ۔  شہراور جی ٹی روڈ پر کاروباری مراکزنجی اور سرکاری سکول  بند کرادیئے گئے ہیں  جب کہ جی ٹی روڈ پردکانیں ریسٹورنٹس بھی بند کرادیئے گئے ہیں ۔دریائے چناب پل کے قریب جی ٹی روڈ پر خندق کھودی گئی ہے اور کنٹینر بھی رکھے گئے ہیں جب کہ وزیر آباد سے سیالکوٹ جانے والی سڑک کی کھدائی کرکے دونوں شہروں کا زمینی رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف  سادھوکی کے مقام پر کھودے گئے گڑھوں کی مرمت کا کام بھی شروع نہیں ہو سکا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved