نعمان نیاز کی شعیب اختر سے بدتمیزی، پی ٹی وی کے فیصلے نے نیا تنازع کھڑا کر دیا

28  اکتوبر‬‮  2021

پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام گیم آن ہے کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے 26 اکتوبر 2021ء کے لائیو شو میں کرکٹ لیجنڈ شعیب اختر کو پروگرام سے اٹھ کر چلے جانے کو کہا تھا۔ سوشل میڈیا اور حکومتی وزراء کی جانب سے بھی شدید ردعمل آنے کے بعد پی ٹی وی کے مینجنگ ڈائریکٹر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس کا آج اجلاس ہوا۔ تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں واقعے کی ابتدائی رپورٹ اور آن ائیر آف ائیر شو کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس کے شو میں ہونے والے واقعے کی انکوائری کی جا رہی ہے، انکوائری مکمل ہونے تک سابق کرکٹر شعیب اختر اور اور ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ائیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی اور واقعے سے متعلق حقائق واضح نہیں ہو جاتے اس دوران یہ دونوں افراد ہی ٹی وی کے کسی پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پی ٹی وی انتظامیہ کے فیصلے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہو گیا آپکو؟ شعیب اخترتو پہلے ہی استعفی دے چکا ہے، اور کتنی بار اسے آف ائیر کرنا ہے آپ نے؟ کوئی عقل کے ناخن لے لیں۔

پی ٹی وی انتظامیہ کے فیصلے پر کرکٹ لیجنڈ شعیب اختر کا بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے، اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی انتظامیہ کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے۔ میں نے 22 کروڑپاکستانیوں اور دنیا بھر کے سامنے پی ٹی وی  سے خوداستعفیٰ دیا تھا، کیا پی ٹی وی انتظامیہ پاگل ہے، یہ مجھے آف ائیر کرنے والے کون ہوتے ہیں؟

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved