اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر موقف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، سینیٹ میں قائد ایوان وسیم شہزاد اور سینیٹر فیصل جاوید نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے مقابلے کیلئے اتحادی حکومت کیساتھ ہیں، بھرپور مقابلہ کریں گے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے متعلق اسمبلی رولز کا جائزہ لوں گا، کاروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرادی ہے، علاوہ ازیں اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن بھی جمع کرا دی ہے۔