وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلیں لیکن جیت صرف عمران خان کی ہی ہوگی اور ایم این ایز اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑے ہیں اور عدم اعتماد میں ایم کیو ایم پاکستان بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 23 سے 30 مارچ تک کا یہ ہفتہ سیاسی اعتبار سے بہت خاص ہے، 30 یا 31 کو اپوزیشن کیساتھ ارکان اسمبلی اپریل فول منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو 172 آدمی لے کر آنے ہوں گے اور جس دن ووٹنگ ہوگی انکےاپنےممبران ڈی چوک پرہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یہ تینوں پارٹیاں ایک دوسرے کے مخالف ہوتی تھیں لیکن آج اپنے مفاد کے لئے یہ کٹھی ہوئی ہیں، عمران خان اور احتساب کےخوف نے اپوزیشن کو اکٹھا کیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے اسپیکر کو اختیارات دیئے گئے ہیں اور ہارس ٹریڈنگ میں اسپیکرکےاختیارات کوکوئی چیلنج نہیں کرسکتا ہے۔