وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے جمعیت علمائے اسلام کے اراکین اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا، وہ خود شوق سے تھانے میں بیٹھے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے انصارالاسلام کی موجودگی پر پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے دو اراکین قومی اسمبلی کو ہم نے گرفتار نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنے شوق سے تھانے میں بیٹھے ہیں، ہماری طرف سے وہ رہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو بھی گرفتار نہیں کریں گے، ان کی کمپنی کی مشہوری نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے اراکین اسمبلی کو نہیں بلکہ پرائیویٹ ملیشیاء کے 19 اراکین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصار الاسلام آئین کے آرٹیکل 256 کے تحت تحلیل کی گئی، مسئلہ انصار الاسلام کا ہے لیکن دیگر پارٹیاں کود پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ گھیراؤ کی باتیں کرنے والے سن لیں جو بھی تشدد کرے گا اس کو کچل دیں گے۔
شیخ رشید نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سڑکیں بلاک کرنے کی اپیل پر کہا کہ جہاں سڑک بند ہوگی ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔