وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فلائنگ آبجیکٹ کے معاملے پربھارت سے وضاحت طلب کی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے فلائنگ آبجیکٹ آنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس معاملے پربھارت سے وضاحت طلب کی ہے۔ واقعہ کے اصل محرکات پرغورکررہے ہیں۔ ابھی چائے ٹھنڈی نہیں ہوئی اوربھارت کواورطلب ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی حرکت تشویشناک ہے جس سے سعودی ایئرلائن کا جہاز، قطر اور پاکستان کی ڈومیسٹک پروازیں نشانہ بن سکتی تھیں اور معصوم لوگ نشانہ بن سکتے تھے، بین الاقوامی برادری کو اس حرکت کا نوٹس لینا چاہئے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دفاع ہم نے کل بھی کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے، ہم جارحیت کے قائل نہیں ہیں سمندری و فضائی حدود کی خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی 5 ممالک کے نمائندگان کو وزارت خارجہ میں مدعو کر کے، انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے اور ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے گی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بلا کر وضاحت طلب کی ہے اور ہندوستان کی وضاحت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔