بھارت نے پاکستان کی جانب میزائل فائر کرنے کی تصدیق کر دی

11  مارچ‬‮  2022

بھارتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ رواں ہفتے بدھ کو تکنیکی خرابی کے باعث ان کا ایک میزائل پاکستانی علاقے میں گرا تھا۔

بھارت کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق معمول کی دیکھ بھال کے دوران تکنیکی خرابی کے سبب حادثاتی طور پر ایک میزائل فائر ہوا تھا۔ بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ پتہ چلا ہے کہ میزائل پاکستان کے ایک علاقے میں گرا، یہ واقعہ بہت افسوسناک ہے لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بھارت نے پاکستان میں میزائل داغنے کو فوج کی غلطی قرار دیتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ 9 مارچ کی شام 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک شے نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جس کی پاکستان ائیرفورس نے مکمل نگرانی کی۔ یہ شے پاکستان کی فضائی حدود میں 3 منٹ اور 24 سیکنڈ تک رہی، جس کے خلاف بروقت ضروری کارروائی کرلی گئی، اڑنے والی چیز ممکنہ طور پر غیر مسلح تھی، اس لئے ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کررہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہو گی، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved