بھارت کے ریاستی انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے، وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو سیلز مین کے ہاتھوں شکست

12  مارچ‬‮  2022

بھارت کی ریاستوں کی اسمبلیوں میں ہونے والے انتخابات میں مشرقی پنجاب کے نتائج نے سب کو حیران کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے بڑے بڑے برج عام آدمی پارٹی کے بالکل عام سے امیدواروں نے زمین بوس کردیئے، دوسری جانب اترپردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور  گوا میں بھارتیہ جنتا پارٹی جیت گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں برس ہونے والے ریاستی انتخابات تاریخی طور پر روایت شکن ثابت ہوئے، سب سے حیران کن نتائج مشرقی پنجاب کے رہے جہاں معروف ترین امیدوار نجوت سدھو سمیت کانگریس کے بڑے اور مضبوط برج قدرے نا تجربہ کار اور متوسط طبقے کے امیدواروں سے شکست کھاگئے۔

عام آدمی پارٹی کے امیدوار جو موبائل فون کی دکان پر سیلز مین ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو شکست سے دوچار کر دیا، وزیر اعلیٰ کو شکست دینے والے لابھ سنگھ اگو کے والد کھیتوں میں مزدور اور والدہ اسکول میں خاکروب ہیں۔

کانگریس کے رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ ساتھ  شرومنی اکالی دل کے رہنما پرکاش سنگھ بادل اور بیٹے سکھبیر سنگھ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب تک کے نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی مشرقی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

عام آدمی پارٹی نے بھگونت مان کو ریاست کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کیا ہے جو ایک سابق کامیڈین ہیں۔ علاوہ ازیں 2019ء میں وہ عام آدمی پارٹی پنجاب کے کنوینئر بنے، اور اب تک 3 بار رکن اسمبلی بن چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 2013ء میں انا ہزارے سے الگ ہوکر الیکشن میں حصہ لینے والے اندرکیجروال نے اپنی جماعت عام آدمی پارٹی بنالی تھی، جس نے نئی دہلی میں اتحادی حکومت قائم کی تھی، لیکن کرپشن کے خلاف بل منظور نہ کراپانے پر محض 49 دن میں اروند مستعفی ہوگئے تھے۔ 2015ء کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 نشستیں جیت کر بی جے پی کو وائٹ واش اور بڑی سیاسی جماعتوں کردیا تھا، اور اروند کیجروال دوبارہ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ بن گئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved