تحریک عدم اعتماد،چوہدری شجاعت حسین کی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل

15  مارچ‬‮  2022

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے  حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے جلسے منسوخ کر دیں۔

اپنے بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن  ملکی مفاد میں اسلام آباد میں اعلان کردہ جلسوں کو منسوخ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

سربراہ ق لیگ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں پسے عوام ان جلسوں اور نمبر گیم سے بہت پریشان ہے۔ اس افرا تفری اور  بحران سے اندرونی اور بیرونی دشمن فائدہ اٹھائیں گے

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اپوزیشن جلسوں کی سیاست کرتی ہے، لیکن  حکومت بھی جلسے کرنے لگ گئی، جلسے کرنا حکومت کا کام نہیں ہے۔

حکومتی وزراء کے بیانات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سربراہ (ق) لیگ کا کہنا تھا کہ ہمیں چھوٹی پارٹی کا طعنہ دینے والے بھول گئے کہ ہم نے ملک کیلئے بڑے فیصلے کئے۔

چوہدری شجاعت حسین نے اپیل کی کہ فریقین اپنے کارکان کو اشتعال انگیزی کی سیاست کا رستہ نہ دکھائیں، ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ میں حصہ لیں۔

یادرہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل  27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں 10 لاکھ افراد پر مشتمل پڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے بھی اس روز اسلام آباد میں 20 لاکھ افراد پر مشتمل بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ سے لانگ مارچ کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز پورے ملک سے قافلے چلیں گے اور 24 مارچ کو اسلام آباد پہنچ جائیں گے، اس مارچ کو ختم کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو چھٹی کا دودھ یاد کرا دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved