سابق بھارتی کھلاڑیوں نے ٹیم کی ناکامی کا ذمہ دار کس کو ٹھہرایا؟

1  ‬‮نومبر‬‮  2021

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل دو ناکامیوں کے بعد جہاں سیمی فائنل میں اس کی رسائی مشکل ہو گئی ہے وہیں بھارت میں ناکامیوں کا ملبہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر ڈالا جا رہا ہے، دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کیویز سے اپنی شکست کی وجہ ٹیم کی اندرونی کیفیت کو ٹھہرایا۔

ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ناقص کاکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اچھا نہیں کھیلی، بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شکست کے بعد بھارتی ٹی وی چینل پر ٹیم کی ناکامی کا موضوعِ زیر بحث ہے جب کہ سابق بھارتی کرکٹرز بھی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کر رہے ہیں۔سابق بھارتی اوپنر ورندر سہواگ نے نیوزی لینڈ کے خلاف شکست پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی ٹیم نے بہت مایوس اور نیوزی لینڈ نےحیران کیا۔انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے شارٹس کھیلنے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کے شارٹس کا انتخاب درست نہیں تھا اور ان کا انداز بھی اچھا نہیں تھا۔ ٹیم کو سنجیدہ انداز میں نگرانی کی ضرورت ہے۔

ٹوئٹر پر بھارت کے کھلاڑی کپل دیو کا ایک پروگرام کے دوران کا کلپ شیئر کیا گیا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی ایسی نہیں تھی جس پر ناز کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کھیلنے کے بعد آپ دو میچز اس طرح کھیلیں تو جتنی بھی تنقید کی جائے وہ کم ہے۔ کسی بھی طرف سے ایسا نہیں لگا کہ یہ ورلڈ چیمپئن ٹیم لگتی ہے یا ہم اس کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹرز جہاں ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہیں وہیں بھارتی شائقینِ کرکٹ ایونٹ کے ابتدائی دو میچز میں ناکامی کا غصہ آئی پی ایل پر نکال رہے ہیں۔اس وقت بھارت میں آئی پی ایل پر پابندی لگانے کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

 کھلاڑی یہ بھی کہہ رہے ہیں آئی پی ایل کا ایک روشن پہلو یہ ہے کہ اس سے بھارت کے لیے نیا ٹیلنٹ ملتا ہے لیکن اس کا تاریک پہلو یہ ہے کہ کھلاڑی یہ نہیں جانتے کہ دباؤ کا مقابلہ کس طرح کرنا ہے۔ کھلاڑی اپنی ذمے داریوں کو نہیں سمجھتے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved