وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہواؤں کا رخ بدل گیا ہے اب جب بھی انتخابات ہوئے تو پی پی پی تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کروائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہواؤں کا رخ اب بدل چکا ہے،جن دو چار فیصد لوگوں نے ووٹ دیا تھا وہ بھی متنفر ہو چکے۔انشا اللہ آپ دیکھیں گے پی ٹی آئی کے لوگوں کی اب ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ جس طرح انہوں نے انتخابات جیتے وہ سب کو معلوم ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کہتی ہے کہ کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے لیکن کراچی والوں سے تو کچھ پوچھیں، ہر بات کی ذمہ داری ہم پرڈال دی جاتی ہے تو پھر وفاق بھی ہمارےحوالے کردیں، انشاللہ ملک کے لوگ جلد پوری ذمہ داری پیپلز پارٹی کو دیں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے معاملے پر حکومت کی نااہلی کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، پی ٹی آئی حکومت ایسے کام کرتی ہے کہ نہ پھر اگل سکتی ہے اور نہ نگل سکتی ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کےساتھ بیٹھ کر ملک کے مفاد کے لیے سوچنا چاہیے۔
انہوں نےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستاٹی ٹیم کی مسلسل فتوحات پرٹیم اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنا ہے وزیراعظم صاحب نے کہا ہے کہ ٹیم کی یہ کارکردگی ان کی وجہ سے ہے۔میں نے پہلے ہی کہا تھا سب سے آئیڈیل کام ان کیلئے کرکٹ ٹیم چلانا ہی ہے۔ ہماری حکومت آئی تو عمران خان کو کرکٹ بورڈ میں رکھیں گے۔