اسلام آباد کےسندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے متعدد اراکین اسمبلی کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ ہاؤس میں موجود پی ٹی آئی کے ناراض رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے باعث ہم لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ یہاں 24 سے زیادہ رکن اسمبلی موجود ہیں، ہمیں عمران خان سے اختلاف ہے، ہم سب اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے، اور ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں گارنٹی دیں کہ اراکین اسمبلی اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم پر پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں ہوگا تو ہم یہاں سے پارلیمنٹ لاجز جانے کو تیار ہیں۔
راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ مزید اراکین اسمبلی بھی ہمیں جوائن کرنا چاہتے ہیں، لیکن مسلم لیگ ن انہیں ایڈجسٹ نہیں کر پا رہی، کیونکہ ان کے اپنے ارکان بھی ان حلقوں میں موجود ہیں۔
سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر کا نے کہا کہ وہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے، انہوں نے کہا کہ یا تو آزاد الیکشن لڑیں گے یا حلقے کی عوام کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
میڈیا پر سامنے آنے والے دیگر اراکین اسمبلی میں نور عالم خان، باسط سلطان بخاری بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ حکومت کے 10 سے 12 اراکین اسمبلی اپوزیشن کی کسٹڈی میں ہیں۔ پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے پاس 172 سے کہیں زیادہ اراکین اسمبلی ہیں، تعداد اتنی زیادہ ہے کہ بڑے سرپرائز مل سکتے ہیں۔