پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، الیکشن کمیشن کے میرے خلاف نوٹسز غیر قانونی ہیں، فواد چوہدری

1  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے،اعظم سواتی اور میرے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹسز بے بنیاد اور ناانصافی پر مبنی ہیں۔

اسلام آباد – (اے پی پی):آج اسلام آباد میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں،وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے، ایک کروڑ سے زائد آبادی اس پیکیج سے براہ راست مستفید ہوگی، اعظم سواتی اور میرے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹسز بے بنیاد اور ناانصافی پر مبنی ہیں، انہیں فوری واپس ہونا چاہیے۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی اور خیبر پختونخوا و پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو بنیادی ایجنڈوں پر بات ہوئی۔پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں شہروں اور اضلاع کے میئرز کے انتخابات براہ راست ہوں گے،وزیراعظم نے پہلے دن سے ڈائریکٹ ڈیموکریسی کا وعدہ کیا تھا، اس ضمن میں تیاری حتمی مراحل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے متحرک ہوں، پنجاب کے اضلاع میں نامزدگی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں،اسی طرح خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے مہم شروع ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی اور چوہدری فواد حسین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویے اس طرح نہیں ہوتے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved