سابق چیئرمین روئیت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اب اگر حکومت نے ٹی ایل پی کے کسی رہنماء یا کارکن کو گرفتار کیا تو معاہدہ منسوخ سمجھا جائے گا۔
آج وزیرآباد میں کالعدم ٹی ایل پی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کالعدم لفظ ہٹنے میں ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے، ہم نے مراحل طے کر رکھے ہیں، اللہ نےآپ کو بہت بڑی فتح سے نوازا ہے۔
ٹی ایل پی کا دھرنا ختم کرنے کے متعلق ان کا کہنا تھا کل تک جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا جائے گا، اراکین شوریٰ کی مشاورت کے بعد شرکاء قریب پارک میں چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت 50 فیصد مطالبات نہیں مانے گی تب تک یہ دھرنا قریبی پارک میں جاری رہے گا، علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کے بعد یہ دھرنا مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج کے بعد کسی کارکن یا رہنماء کی گرفتاری ہوئی تو یہ معاہدہ ختم سمجھا جائے گا، اگر حکومت نے مذاکرات میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو حکومت سن لے اب اس زیادہ بھرپور طاقت کے ساتھ آئیں گے۔