وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان تاحیات نااہل ہوں گے اور مخصوص نشستوں پر نئے ارکان نامزد کیے جارہے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور سات دن کے اندر انہیں اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایک ہفتے بعد منحرف ارکان کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی کارروائی ہوگی اور تمام ارکان تاحیات نااہل ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر بھی نئے ارکان نامزد کیے جارہے ہیں۔
تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور سات دن کے اندر پوزیشن واضع کرنے کا کہا ہے ایک ہفتے بعد ان کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی کاروائ ہوگی اور تمام اراکین تاحیات نااھل ہوں گے مخصوص نشستوں پر نئے ممبران نامزد کیے جارہے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 20, 2022
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے 20 سے زائد ارکان قومی اسمبلی مختلف وجوہات کی وجہ سے منحرف ہوگئے ہیں۔ جن میں سے کئی ارکان اس وقت سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں۔منحرف ارکان قومی اسمبلی میں منتخب ارکان کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر نامزد کئے جانے والے ارکان بھی شامل ہیں۔تحریک انصاف کی 2 خواتین ارکان اور ایک اقلیتی رکن نے حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے 14 منحرف ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔