آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدہ، مہنگائی، الیکشن کمیشن کے نوٹسز اور حکومتی اصلاحات کے متعلق گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ایل ٹی ایل کیلئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بنا دی ہے، وہی تمام معاملات دیکھے گی۔ انہوں نے وزراء کو ٹی ایل پی کے متعلق گفتگو سے منع کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے،ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن غیر ذمہ دارانہ بیانات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس لیے مذہبی اور حساس معاملات پر آئندہ بیانات میں احتیاط برتی جائے۔
وزیراعظم کی وفاقی وزراء کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کی ہدایت
کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹسز پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے بعد وزیراعظم نے وزراء کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
وزراء اتحاد اور دلیری کا مظاہرہ کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں مشکل وقت میں متحد رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وزرا ءاتحاداور دلیری کا مظاہرہ کریں کیونکہ اسی میں طاقت ہے۔اصلاحات لانا آسان نہیں ہے مشکلات آتی ہیں جس کا مل کر سامنا کریں گے۔