وزیراطلاعات سندھ سعیدغنی نے کہا کہ سپیکر قومی کا کردار متنازعہ ہے آرٹیکل 6 کے تحت اسد قیصر کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کرنا ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ سعیدغنی نے کہا کہ جب یہ حکومت چلی جائے گی،جب عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے تو اس وقت آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسد قیصر کونشان عبرت بنانا چاہئے تاکہ آئندہ آنے والے سپیکر کوآئین کی پاسداری کا علم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیکر اسمبلی نےعمران خان سے نہیں بلکہ آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہے، سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 15 ارکان اپنی حکومت پر عدم اعتمادکا اظہارکرچکے ہیں، اب اتحادیوں سمیت بھی عمران خان کے پاس 172 ارکان کا اعتماد نہیں ، اب حکومت اینٹی کرپشن ،ا یف آئی اے سمیت ایجنسیوں کے ذریعے ناراض ارکان کو غائب کرانے کا ٹاسک دے چکی ہے تاکہ عدم اعتماد والے دن وہ ووٹ نہ ڈال سکیں ۔
کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھاکہ پارلیمنٹ لاجز پر حملہ سب کے سامنے ہے جہاں لاجز کے دروازوں کی توڑ پھوڑ کر کے جے یو آئی کے ارکان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار افراد نے کوئی غیر قانونی ایکٹ نہیں کیا تھا ، انہیں حرکات سے گھبرا کر مختلف جماعتوں کے ارکان سندھ ہاؤس میں آگئے تا کہ وہ اور ان کی فیملیز محفوظ رہ سکیں ، اس پر کہا گیا کہ سندھ ہاؤس میں ارکان کو یرغمال بنا لیا ہے ، قید کرلیا گیا، انہیں بوریاں بھر بھرکے پیسے دیے گئے ہیں ۔ ان ارکان نے میڈیا کے سامنے قرآن پر حلف دیے کہ انہوں نے نہ پیسے لئے اور نہ ہی انہیں آفر ملی ہے ۔