سابق وزیراعظم نواز شریف سے پی ٹی آئی کے ناراض رکن صوبائی اسمبلی علیم خان کی ملاقات کے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
پاکستان کے معروف گلوکار وارث بیگ نے لندن میں سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف سے ملاقات بہت اچھی رہی، وہ آج بھی ہمیشہ کی طرح پاکستان کی بھلائی کا سوچ رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وارث بیگ نے دعویٰ کیا کہ علیم خان پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیشہ فکرمند نظر آتے تھے، اس لئے ان کی نوازشریف کیساتھ ملاقات کیلئے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے جب 2 افراد ایک جیسی سوچ رکھتے ہوں، تو انہیں ایک ٹیبل پر بٹھا دوں۔
یاد رہے کہ رواں مہینے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے ناراض رکن صوبائی اسمبلی علیم خان نے لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی موجود تھے۔ دوسری جانب ترجمان علیم خان کی جانب سے ملاقات کی تردید کی گئی تھی۔