سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، اسلاموفوبیا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

22  مارچ‬‮  2022

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو متاثر کرنے والے اسلامو فوبیا کے عصری چیلنج اور اس خطرناک رجحان سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات اور تاریخی روابط ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیا جو قریبی برادرانہ تعلقات، تاریخی روابط اور نچلی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔ اکتوبر 2021ء میں اپنے دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کو اسلامی دنیا کے مقاصد کے حصول کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر آگے بڑھانے کے لئے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امت کو درپیش بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دنیا بھر میں مسلمانوں کو متاثر کرنے والے اسلامو فوبیا کے عصری چیلنج پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اس خطرناک رجحان سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور ، افغانستان کی صورتحال اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے جموں و کشمیر کے منصفانہ کاز کے لئے سعودی عرب کی مستقل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved