براڈشیٹ کے سربراہ کی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر زناٹےدار تھپڑہے، شہباز شریف

22  مارچ‬‮  2022

مسلم لیگ ن کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے غیر مشروط معافی مانگی، ان کی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے۔

تفصیلات کے مطابق  شہباز شریف نے او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اجلاس میں مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے لیے آواز بلند کی جائے گی،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ کانفرنس افغانستان میں قحط سے نمٹنے کا حل تلاش کرے گی۔

ان کا کہنا تھا  کہ براڈ شیٹ کے سربراہ نے میاں محمد نواز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور نیب کے کہنے پر ان کے خلاف باریک بینی سے تحقیقات کی گئی اور ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن تلاش نہیں کی جاسکی، براڈ شیٹ نے کہا ہے کہ وہ حرام کی کمائی سے بنایا گیا اثاثہ، غیر قانونی فنڈز اور کرپشن تلاش نہیں کرسکے۔

براڈ شیٹ کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ان کا تقرر کیا گیا تھا، اتنے سالوں تک شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے پر انہیں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نیب کی جانب سے دی گئی تمام اطلاعات غلط تھیں اور یہ باتیں ہوا میں کی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کاوے موسوی بالآخر ایک بڑا انسان ہے جس نے غیر مشروط معافی مانگی، ان کی معافی نیازی نیب گٹھ جوڑ کے منہ پر ایک زناٹے دار تھپڑ ہے،اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج پوری قوم یہ سوال کر رہی ہے کہ بتاؤ تم نے اس غریب قوم کے کروڑوں روپے نواز شریف کی نفرت کی آگ میں کیوں جھونکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی سابقہ ٹوئٹ پوری قوم کے سامنے ہے جس میں وہ براڈ شیٹ کے اقدامات بتایا کرتے تھے، آج اس کا ڈراپ سین ہوا ہے، اللہ آج نواز شریف کی نیک نامی کو روزِ روشن کی طرح سامنے لے کر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے سامنے عمران نیازی کا جھوٹ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ 20 سال کی تحقیقات کے نتیجے میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا، نواز شریف کے دور میں جو ترقیاتی منصوبے بنائے گئے 74 سال میں ان کی کوئی نظیر نہیں ملتی، ایک دھیلے کی کرپشن تو دور کی بات ہے نواز شریف نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے نہ صرف نواز شریف کے خلاف سازش کی بلکہ قوم کے وسائل کو بھی ان کے خلاف استعمال کیا، انہوں نے جو پروپیگنڈے پھیلائے ہیں اس کو ختم کرتے کرتے سال لگ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ساڑھے 3 سال میں پاکستان کی تاریخ کے 64 فیصد قرضے لے چکے ہیں یعنی ترقیاتی منصوبوں کی شکل میں کھربوں روپے کے قرضے لیے گئے اور ایک اینٹ نہیں رکھی، قوم یہ کہنے پر مجبور ہے کہ نواز شریف ہی اس قوم کا مسیحا ہے اور ان کے واپس آنے سے پاکستان دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں اجازت دیں گے نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔

لانگ مارچ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے صدر نے بتایا کہ پارٹی کا قافلہ 24 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا، اس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے اور یہ قافلہ پُرامن لیکن پُرجوش طریقے سے روانہ ہوگا۔

تحریک عدم اعتماد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکر 14 ایام میں اجلاس بلانے کے پابند تھے، انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی، سپریم کورٹ میں کارروائی چل رہی ہے، اسپیکر کو 14 روز میں اجلاس بلا کر حکومت کی قوت ثابت کرنی چاہیے تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اپنے ضمیر کی آواز پر کھڑے ہیں اور اپوزیشن جماعتیں بھی اس بات پر متفق ہیں کہ عمران خان نیازی نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، اب اسے گھر بھیجنا چاہیے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved