مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر چوہدری نثار واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف سے رابطہ کر لیں۔
نجی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوہدری نثار کا پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں، اگر وہ واپس آنا چاہتے ہیں، تو وہ اپنے دوست جو اس وقت پارٹی کے صدر بھی ہیں، ان سے رجوع کر لیں۔
چوہدری نثار کی پارٹی میں شمولیت کیلئے مریم نواز کی رضا مندی کے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ پارٹی کی نائب صدر ہیں، اگر پارٹی کے صدر چوہدری نثار کو واپس پارٹی میں شامل کرنے کیلئے رضامند ہوتے ہیں، تو آگے غور کیا جا سکتا ہے۔
پروگرام کے اینکر نے شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا کہ کیا آپ چوہدری نثار کی پارٹی میں شمولیت کو تسلیم کر لیں گے؟ اس پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں چوہدری نثار سے یہ ضرور پوچھوں گا کہ جب پارٹی پر مشکل وقت تھا، تو آپ کہاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے چوہدری نثار کو بہت عزت دی ہے، اب انہیں دوبارہ وہ مقام نہیں مل پائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چوہدری نثار نے اپنے حلقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے 4 سال سے اقتدار کا روزہ رکھا ہوا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ میں یہ روزہ اپنے حلقے کی عوام کیساتھ مل کر کھول لوں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے جتنی بڑی آفرز مجھے ہوئیں اتنی کسی کو بھی نہیں ہوئی ہوں گی، لیکن میں ضمیر کا سواد کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔