فلسطین کا تنازع مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا مرکز ہے، وزیراعظم

22  مارچ‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فلسطین کا تنازع مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا مرکز ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ فلسطین کا تنازعہ مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا مرکز ہے، فلسطینی عوام کی جائز خواہشات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کے روز فلسطین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے، جو او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہیں۔

فلسطینی وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہا کہ امت مسلمہ کے فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعات سمیت حل طلب مسائل خطوں میں عدم استحکام کی بنیادی وجوہات میں سے ہیں، ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر سنگین مظالم اور جبر کا شکار ہیں۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا المیہ جو پاکستانی عوام اور پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہے مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا مرکز ہے، فلسطینی عوام کی جائز خواہشات کو پورا کیا جانا چاہئے۔

وزیر خارجہ المالکی نے فلسطین پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان بہترین دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ او آئی سی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دونوں فریقوں کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved