صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مل کر قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جاسکتی اور وقت نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ سیاسی طور پر درست ثابت کیا۔صدر مملکت کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا ہے، پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جاسکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی یومِ پاکستان پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، 23 مارچ تخلیق پاکستان کےحقیقی مقاصد پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے استحکام، ترقی کی کلید محنت، دیانتداری، اخلاقیات میں مضمر ہے، ہمیں قائداعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں خود کو ریاست مدینہ طرز پر ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہیے، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ کو مساوی مواقع دینے پر مرکوز ہے۔