ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہےکہ کل دن 11 بجے اسمبلی اجلاس ہے لیکن اسمبلی سیکرٹریٹ ایجنڈے سے ہی لاعلم ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں شازیہ مری کا کہنا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی اپنی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کر رہے ہیں، اسمبلی سیکرٹریٹ کا ممبران کو ایجنڈے سے لاعلم رکھنا سوالیہ نشان ہے۔
شازیہ مری کا کہنا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی کافرض ہےکہ وہ ارکان کو ایجنڈے سے آگاہ کریں۔
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 14 روز میں طلب کرنا ضروری ہے، لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اجلاس میں تاخیر کو آئین شکنی نہیں کہا جا سکتا ہے۔ اب روایت یہ ہے کہ کسی رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے بعد منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کو فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کر دیا جاتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان اورکزئی طویل بیماری کے بعد 14 فروری 2022ء کو انتقال کر گئے تھے، ان کی وفات کے بعد یہ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہے۔ حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا استحقاق ہے کہ وہ 25 مارچ کے اجلاس کو فاتحہ خوانی کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیں، اور یہ اجلاس رمضان کے بعد تک بھی ملتوی کیا جا سکتا ہے۔