قومی اسمبلی کے کل شروع ہونے والے اجلاس کیلئے اراکین پر بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے تحریک عدم اعتماد کیلئے طلب کئے گئے 41 ویں اجلاس کیلئے اراکین قومی اسمبلی اور وزراء کا خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ہدایت نامےمیں اراکین قومی اسمبلی اور وزراء کو ذاتی عملہ و سیکیورٹی گارڈز ساتھ لانے سے منع کیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اور وزراء قومی اسمبلی میں پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ پر اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے کے پابند ہوں گے، جنہیں وہاں سے شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ لایا جائے گا۔
اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے، مزید برآں اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں مہمانوں کے داخلے پر بھی پابندی ہو گی۔
ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد اراکین قومی اسمبلی اور وزراء کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کی طرف جانے والے تمام راستوں پر بھاری نفری تعینات رہے گی اور غیرمتعلقہ افراد کے ریڈزون میں داخلے پر سخت پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے 41 ویں اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، اجلاس جمعے کے روز صبح 11 بجے ہو گا۔