اپوزیشن سے ہاتھ ملا لیا تو اس کامطلب ہے میں نے ان کی کرپشن تسلیم کرلی، وزیراعظم عمران خان

4  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف لڑتے ہیں ان کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، میں نے اگر اپوزیشن  سے ہاتھ ملا لیا تو اس کامطلب ہے میں نے ان کی کرپشن تسلیم کرلی ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب میں پیسہ نہیں چلتا، یہاں سینٹ میں لوگ بکتے ہیں،کرپشن کی وجہ  سے ہمارا مورال بری طرح  نیچے گرا ہوا ہے۔

میری دو خاندانوں سے ذاتی لڑائی نہیں، ان سے دوستی ہوا کرتی تھی

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں  سب کہتے ہیں کہ آپ کیوں دو خاندانوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں  اور اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ کیوں نہیں ملاتے؟ تو میں ان کو بتاناچاہتا ہوں کہ میری تو ماضی میں ان  سے دوستی تھی، ان سے اس لیے ہاتھ نہیں ملاتا کہ ان پر کرپشن کے کیسز ہیں،کرپٹ آدمی سے ہاتھ ملانے کامطلب کرپشن کو  تسلیم کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جب قوم اچھے برے کی تمیز ختم کر دیتی ہے تو مر جاتی ہے، کرپشن کی وجہ سے ہمارا مورال بری طرح گرا ہے، سینیٹ میں پیسے چلتے ہیں اور لوگ ادھر سے ادھر ہو جاتے ہیں، مغرب میں کوئی پیسے لے کر دوسری جماعت میں نہیں جاتا، انگلینڈ میں کسی پر کرپشن کا الزام لگ جائے تو مجال ہے وہ پارلیمنٹ میں بیٹھ جائے۔

عالم کا بہت بڑا رتبہ ہوا کرتا ہے

وزیراعظم نے کہاکہ عالم کا بہت بڑا رتبہ ہوا کرتا ہے، دانشوروں اور اسکالرز کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دانشوروں کی اہمیت کم ہونے سے تہذیبیں زوال پذیر ہوجاتی ہیں۔اسکالرز راستہ بھول جائیں تو معاشرے کو بہت نقصان ہوتا ہے،اسکالرز قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، آج کے پاکستان میں اسکالرز کی بہت ضرورت ہے،وہ قوم کا قبلہ درست  اورنظریے کا تحفظ کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں افسوس ہوتا ہے کہ لوگوں کو آج تک اسلام کی تاریخ کا پتہ نہیں ہے،مولانا رومی نے کہا تھا کہ اللہ نے تمہیں پر دیئے ہیں تو تم کیوں چیونٹی کی طرح زمین پر رینگتے ہو۔

پاکستان میں سب سے زیادہ جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ سیکس کرائم میں اضافہ ہورہا ہے،یہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے،زینب کیس ہونے پر پورا معاشرہ کھڑا ہوگیا تھا لیکن آج اخباروں میں دیکھیں ایسی خبروں پر کوئی کھڑا نہیں ہوتا،اس کی وجہ یہ ہے کہ مسئلہ بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا موبائل فون بند نہیں کرسکتے لیکن بچوں کو رول ماڈل دے سکتے ہیں، ہمیں معاشرے کے لیے فکری انقلاب چاہیے، پاکستان میں سب سے زیادہ جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں، جنسی جرائم بڑھنا ہمارے لیے شرم کی بات ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ موبائل فون کے چیلنج سے معاشرے میں بہت بڑی تبدیلی آرہی ہے، بچوں کے ساتھ زیادتیاں بڑھیں، زینب کیس سامنے آیا، عورتوں سے زیادتیوں کے کیسز ہیں لیکن ان پر اب بات نہیں ہوتی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved