پاکستان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں اور تیل کی تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب میں ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، حوثی حملوں کو سعودی ایئرڈیفنس فورسز نے کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ان حملوں کوفوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے، اور یہ حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملے سعودی عرب اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں اور پاکستان سعودی عرب کی مکمل حمایت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
یاد رہے کہ آج حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں آرامکو کی تیل فیکٹری پر حملہ کیا گیا ہے، علاوہ ازیں حوثی باغیوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈرون طیاروں کے ذریعے سعودی عرب کے جنوبی، مشرقی اور بعض وسطی علاقوں پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ عرب اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے 9 ڈرون طیارے بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔