وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکومتی وفد کی اتحادیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، حکومتی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کو پہنچایا ہے اور دونوں اطراف سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکومتی وفد کی اتحادیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر و وزیر دفاع پرویز خٹک پر مشتمل حکومتی وفد نے اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی رہنما نوابزادہ خالد مگسی، وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سردار اسرار ترین، میر احسان اللہ ریکی اور مس روبینہ عرفان موجود تھے۔ ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد و ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور حکومتی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کو پہنچایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔