طالبان نے بغیر محرم سفر کرنے والی درجنوں خواتین کو سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو طالبان نے مرد سرپرست کے بغیر فلائٹ سے سفر کرنے والی درجنوں خواتین کو روک دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان خواتین میں اندرون ملک اور بیرون ملک فلائٹس پر سفر کرنے والی خواتین شامل تھیں جبکہ ان میں کئی خواتین دوہری شہریت کی بھی حامل تھیں جو واپس جارہی تھیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ایئر لائن آریانہ اور افغان کام ایئر کی دبئی، اسلام آباد اور ترکی جانے والی پروازوں پر محرم کے بغیر خواتین کو سفر کرنے سے روکا گیا ہے۔
حکام کے مطابق خواتین کو سفر سے روکنے کے احکامات طالبان قیادت کی جانب سے دیے گئے تھے جبکہ سنیچر تک آریانہ ایرلائن کے ذریعے صوبہ ہرات جانے والی چند خواتین کو اجازت دے دی گئی تھی لیکن اس وقت تک پرواز جاچکی تھی۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل طالبان قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 45 میل سے زیادہ سفر کرنے والی خواتین کے ساتھ مرد سرپرست کا ہونا ضروری ہے۔
اس سے قبل طالبان قیادت نے لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی واپس بند کردیا تھا جبکہ لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر امریکہ نے دوحہ میں ہونے والے تمام ملاقاتیں منسوخ کردی ہیں۔