مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج ن لیگ کی قیادت کا ق لیگ کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد الیکشن کرانے کی شرط پر نواز شریف نے ق لیگ کو وزارت اعلیٰ دینےکی حامی بھرلی ہے۔ دونوں جماعتوں کے طے شدہ فارمولے کے مطابق نئے انتخابات 3 سے 6 ماہ کے دوران کرائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی وفد آج شام اسلام آباد ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے سے انکار کر دیا ہے، جس کی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے تردید کی تھی۔