وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی،جس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل ترین تھی، ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی بڑھ جاتی ہیں، ہم نے دن رات محنت کی اور ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر پر لے آئے، ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزداد، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں کورونا وباء نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا ہوا ہے، تاہم ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کورونا وباء کا مقابلہ کیا اور اس چیلینج سے نمٹنے میں کامیاب رہے، بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پزیرائی کی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے، صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، احساس سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومت مل کر مستحق گھرانوں کو آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی، کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے سود کے بغیر قرضے فراہم کرے گا، گھر تعمیر کرنے، چھوٹا کاروبار شروع کرنے، اسکلز ٹریننگ پروگرام اور چھوٹے کسان کے لیے قرضہ دیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام پہلے سے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہا ہے۔