پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ن لیگ اور ق لیگ کے درمیان برف پگھل چکی ہے اور اب کوئی دوری نہیں ہے۔
اسلام آباد میں چوہدری برادران کی رہائشگاہ پر ن لیگی وفد کی ق لیگی قیادت سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی سیاسی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق اپوزیشن جماعت نے ق لیگی قیادت کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کی باقاعدہ پیشکش کردی۔ذرائع کے مطابق ق لیگ نے دوران گفتگو ن لیگی پیشکش پر جواب دینے کے لیے 2 دن کی مہلت مانگ لی۔ن لیگی ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کا اس دوران رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔اس سے قبل اطلاعات آئیں تھی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ق لیگ کو وزارتِ اعلیٰ دینے کی ہامی بھرلی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چودھری برادران کے ساتھ مل کر پہلے بھی کام کیا ہے، بہت پرانے تعلقات ہیں، ق لیگ سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔