سوڈانی آرمی چیف کا حکومت کے 4 وزراء کو رہا کرنے کا حکم

5  ‬‮نومبر‬‮  2021

سوڈان میں سیاسی صورتحال جلد معمول پر آنے کا امکان ہے، سوڈانی آرمی چیف نے معزول حکومت کے 4 وزراء کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سوڈانی فوج اور معزول وزیراعظم عبداللہ ہمدوک میں آج معاہدے کا امکان ہے، حکومت سازی کے لیے 14 رکنی کونسل جلد تشکیل دی جائے گی۔ عرب اور مغربی ممالک کی مداخلت کے بعد سوڈان میں پاور شیئرنگ پر بات چیت جاری ہے۔ فوجی بغاوت کے بعد ملک میں عوامی مظاہرے شروع ہو گئے تھے، سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین ہنگاموں میں اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنرل عبدالفتاح البرہان نے سویلین وزراء کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک نئی حکومت کا قیام لازمی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ آخر یہ نئی حکومت کس طرز کی اور کس کے قیادت میں ہو گی۔آرمی چیف عبد الفتاح البرہان کے ایک ترجمان طاہر ابو حاجہ نے جمعرات کے روز کہا، ہم قومی مفاد کے لیے تمام اندرونی اور بیرونی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔

اس کے بعد سوڈان ٹی وی نے مواصلات کے وزیر ہشیم حصال برالسول، تجارتی امور کے وزیر علی جیدو، اطلاعات و نشریات کے وزیر حمزہ بلول اور کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر یوسف آدم کو رہا کئے جانے کی خبر دی۔جنرل عبدالفتح برہان نے گذشتہ ماہ سویلین حکومت کے خلاف بغاوت کر کے کابینہ کو تحلیل کر دیا تھا جبکہ وزیراعظم عبداللہ ہمدوک سمیت اہم شخصیات کو گرفتار کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ سوڈان میں 2019 سے سویلین ملٹری کونسل کے ذریعے ملک کا انتظام چلایا جا رہا تھا۔ اس کونسل نے 3 سال کام کے بعد اقتدار مکمل طور پر سول حکومت کے حوالے کرنا تھا کہ مدت ختم ہونے سے قبل ہی فوج نے اقتدار پر مکمل قبضہ کر لیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved