پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بن سکتے، کیونکہ نمبر گیم ہمارے پاس ہے۔
اسلام آباد میں بلوچستان سے منتخب ایم این اے اسلم بھوتانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ملک کو بچانے کی غرض سے (ق) لیگ کو بھی دعوت دی، اور وہ ہمارے ساتھ چلنے کیلئے تیار تھے، پھر معلوم نہیں کہ انہیں کیا ہوا اور وہ کہیں اور چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ تنگ نظر ہے، پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے، ان کا رویہ تبدیل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی نے بہت دیر کر دی، وہ وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے، نمبر گیم ہمارے پاس ہیں ،ان کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وہی پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا، وفاق کیساتھ پنجاب میں بھی تبدیلی لائیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ق لیگ والے رات بارہ بجے مبارکباد دینے آتے ہیں، اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ایم کیو ایم کے متعلق اچھی خبر ملے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار نامزد کرنے کے بعد ق لیگ نے حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔