اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے جہانگیر ترین گروپ سے معاملات طے پا گئے ہیں۔
نجی چینل کے ساتھ انٹرویو میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ جہانگیر ترین سے کل فون پر میری بات ہوئی تھی، ان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جب مونس الٰہی لندن گئے تو جہانگیر ترین کے بیٹے نے بات کرائی، لیکن ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین لیزر تھراپی کررہے تھے اس لئے ان سے ملاقات نہیں ہوسکی، لیکن ان کے گروپ کے افراد آئے تھے۔ مزید کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کل پھر ملاقات کیلئے آ رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے متعلق چوہدری پرویز الٰہی نے بتایا کہ میں نے وزیراعظم کو کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ اور وزارت بحری امور دیں، جس کی انہوں نے حامی بھری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اپنا استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔ حکومت کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی نامزدگی کے بعد ق لیگ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کی مکمل حمایت کرے گی۔