بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان کا کہنا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کو کسی قیمت پر ووٹ نہین دیں گی ،ایک بیان میں نجی ٹی وی چینل پر آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے روبینہ عرفان کا کہنا تھا کہ نہ تو میں کسی وفاقی وزیر سے ملی ہوں اور نہ ہی حکومت کو حمایت کا وعدہ کیا ہے۔
روبینہ عرفان کا کہنا تھا کہ میری لاش کے اوپر ہی میرا ووٹ حکومت کو جائے گا۔
بی اے پی کی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کے غلط بیانات چلے جائیں گے اور اس کی تردید نہیں ہوگی تو وہ اس چینل کے خلاف پیمرا میں، عدالت میں اور بلوچی جرگے میں جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 200 فیصد اپوزیشن کے ساتھ ہوں، بلوچ عورت ہوں ، زبان دے دی ہے، پارٹی نے جو فیصلہ کیا ہے وہ آخر ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے 5 میں سے 4 ارکان قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا جن میں روبینہ عرفان بھی شامل تھیں۔