تحریک عدم اعتماد پر حکومت کو بڑا دھچکہ، ایم کیو ایم کا حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ

29  مارچ‬‮  2022

ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آج شام 4 بجے کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء فیصل سبزواری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے، پیپلز پارٹی کی سی ای سی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے شام 4 بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت نے ایم کیو ایم کے وفد سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی۔ متحدہ اپوزیشن کے وفد میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری  اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، وسیم اختر، امین الحق، فیصل سبزواری و دیگر شامل تھے۔

اس سے قبل یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ایم کیو ایم کے متحدہ اپوزیشن سے معاملات طے پاگئے ہیں، اور انہیں تحریری معاہدے کی شکل دے دی گئی ہے، ایم کیو ایم قیادت جلد متحدہ اپوزیشن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرے گی۔ بعد ازاں ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا کہ مجوزہ معاہدے کی رابطہ کمیٹی سے توثیق  کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کی حمایت کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ایوان میں اکثریت نہیں رہے گی۔ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے بعد حکومت کو 164 جبکہ متحدہ اپوزیشن کو 177 اراکین کی حمایت حاصل ہو جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved