گزشتہ دس برس کے دوران بھارتی پولیس کے سینکڑوں اہلکاروں کی خود کشی

1  اپریل‬‮  2022

انڈین پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ 2020ء اور 2021ء میں انڈین سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں نے خود کشیاں کی ہیں اور گذشتہ 10 برسوں میں 1200 سے زائد اہلکاروں نے اپنی جان لی ہے۔

نئی دہلی – (اے پی پی): بھارتی روزنامہ انڈین ایکسپریس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ اعدادوشمار کے مطابق 2021ء میں سی اے پی ایف کے 156 اہلکاروں نے خود کشیاں کیں، جبکہ 2020ء میں یہ تعداد 143 تھی۔ 2019 میں 129 اہلکاروں نے خود کشیاں کیں۔

سی اے پی ایف کے اہلکاروں کی خود کشیوں کے اعدادوشمار بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے پارلیمنٹ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتائے۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 10 برسوں کے دوران 1205 اہلکاروں نے خود کشیاں کی ہیں۔واضح رہے کہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورس میں بی ایس ایف، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، این ایس جی اور آسام رائفلز شامل ہیں۔ ان سب کی کل تعداد نو لاکھ بنتی ہے۔

یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بی ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے اپنے ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے حالیہ واقعات بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔صرف اسی مہینے میں ہونے والے ایک واقعے میں بی ایس ایف کے سات اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2019ء سے فورسز میں ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے 25 سے زائد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں ایسے واقعات سخت نوکری، خاندانی مسائل اور ضرورت پڑنے پر چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔نتیانند رائے نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ اکتوبر 2021ء میں ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی جس میں دسمبر 2021ء میں تبدیلی کی گئی ۔نتیانند رائے کا مزید کہنا تھا کہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کے اہلکاروں کی ذہنی حالت میں بہتری کے لیے انہیں ’آرٹ آف لیونگ‘ کورسز بھی کروائے جا رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved