طالبان نے پھر افیون سمیت منشیات کی کاشت پر پابندی لگادی

3  اپریل‬‮  2022

طالبان نے دنیا کے سب سے بڑے افیون پیدا کرنے والے ملک افغانستان میں منشیات کی کاشت پر  ایک بار پھر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ کے حکم پر تمام افغان شہریوں کو مطلع کیا گیا  کہ اب سے ملک بھر میں پوست کی کاشت سختی سے ممنوع ہے۔

رپورٹس کے مطابق کابل میں وزارت داخلہ کی طرف سے ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ اگر کسی نے  اس حکم کی خلاف ورزی کی تو فصل کو فوری طور پر تباہ کر دیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کے ساتھ شرعی قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ دیگر منشیات کی پیداوار، استعمال یا تجارت پر بھی پابندی ہے۔

افغانستان میں منشیات پر قابو  بین الاقوامی برادری کا ایک بڑا مطالبہ رہا ہے تاہم اب طالبان غیر ملکی  پابندیوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے  اس مطالبے کو  تسلیم کرنے اور اس پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک میں  بینکنگ، کاروبار اور ڈیویلپمنٹ کو بہتر بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال اگست میں امریکی انخلا کے بعد افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان نے کسانوں کو پوست کی کاشت سے روک دیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved